ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مسلمان داعیانہ کردار اپناتے ہوئے ہمت و حکمت کے ساتھ حالات کامقابلہ کریں: مولانا رابع ندوی کا خطاب

مسلمان داعیانہ کردار اپناتے ہوئے ہمت و حکمت کے ساتھ حالات کامقابلہ کریں: مولانا رابع ندوی کا خطاب

Mon, 15 Feb 2021 13:38:30    S.O. News Service

سوشل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ذریعے آن لائن خطبات کا آغاز!

نئی دہلی،15؍فروری (ایس او نیوز؍پریس ریلیز) اس وقت ملک کے حالات بڑے نازک ہیں، لیکن مسلمانوں کی تاریخ یہ بتاتی ہے کہ وہ متعدد مرتبہ اس سے بھی زیادہ سخت حالات سے گزر چکے ہیں،اس لیے مسلمانوں کو پریشان ہونے کے بجائے ہمت اور حکمت کے ساتھ موجودہ حالا ت کے مقابلے کے لیے فکر مند ہوناچاہئے اور مناسب تدبیر اختیار کرنی چاہئے، بطور خاص ملک کے ہرایک فرد تک حق کا پیغام پہنچانا چاہئے،اور داعیانہ کردارکے ساتھ زندگی گزارناچاہئے،یہ ہمارادینی اور ایمانی فریضہ ہے اور وقت اور حالات کااہم تقاضہ بھی!ان فکر انگیز باتوں کااظہار گذشتہ شب آل انڈیامسلم پرسنل لابورڈ کے صدر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی صاحب نے کیا۔ حضرت محترم نے اپنے اس فکرانگیزاور ایمان افروز خطاب کے ذریعے بورڈ کی سوشل میڈیاڈیسک کی جانب سے جاری ہونے والے پندرہ روزہ آن لائن خطبات ”سلسلہ دعوتِ فکر و عمل“کا آغازفرمایا۔انہوں نے اپنے گراں قدر خطاب میں ملک کے تمام باشندوں کوانسانیت کاپیغام دیااورانہیں اس جانب توجہ دلائی کہ کوئی بھی ملک انسانیت اور اخلاق کے ذریعے ترقی کرتا ہے، ہمارا یہ ملک مختلف مذاہب اور مختلف طبقات کاگہوارہ ہے،یہ ملک اسی صورت میں ترقی کر سکتاہے جب تمام مذاہب کے ماننے والے ایک دوسرے کو اپنا سمجھیں، ایک دوسرے کے ساتھ اچھاسلوک کریں، اور باہم مل جل کرزندگی گزاریں۔ موصوف نے یہ بات بھی کہی کہ مسلمان ملک کی ترقی چاہتے ہیں،وہ ملک میں بسنے والے ہر شہری کا بھلاچاہتے ہیں اور دوسروں سے بھی اپنے ساتھ حسن سلوک کی توقع رکھتے ہیں۔

اس موقع پر آل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری اور سوشل میڈیا ڈیسک کے کنوینر مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے بتایا کہ اب اگلا خطاب آل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری سید محمد ولی رحمانی  کا ہوگا۔


Share: